اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ التضامن نیوز ایجنسی نے عالمی ریڈ کراس کمیٹی کی ترجمان ستارہ جبین کے حوالے سے رپورٹ میں کہا ہے کہ ہر گھنٹے میں یمنی عوام قتل کئے جارہے ہیں اور اس ملک کی صورتحال دن بہ دن ابتر ہوئی جارہی ہے۔ ستارہ جبین نے جنیوا میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ طبی امداد اور ڈاکٹروں کی جو ٹیم یمن کے لئے روانہ کی گئی ہے وہ اس ملک میں داخل نہیں ہوسکتی کیوں کہ حملہ آور فریق اس راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ جبین نے کہا کہ عالمی ریڈ کراس نے طبی امداد پر مشتمل دو طیارے یمن کے دارالحکومت صنعا روانہ کئے ہیں اور ڈاکٹروں کی ایک ٹیم بھی بھیجی ہے لیکن سعودی عرب، کہ جس نے یمن کی فضائی حدود اور بندرگاہوں کا محاصرہ کر رکھا ہے ان امدادی کھیپوں اور ڈاکٹروں کے یمن میں داخل ہونے میں رکاوٹ بن رہا ہے۔ یہ ایسے میں ہے کہ روس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یمن کے عوام تک امداد پہنچانے کے لئے، یمن پر جاری سعودی عرب کے حملوں کو بند کرنے کے سلسلے میں ایک اجلاس تشکیل دے۔ عالمی ریڈ کراس نے منگل کےروز بھی کہا تھا کہ سعودی عرب انسان دوستانہ امداد کے یمن میں داخل ہونے میں رکاوٹ بنا ہوا ہے۔ ڈاکٹروں کی عالمی تنظیم نے بھی حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ یمن کے ایئرپورٹس کے بند کئے جانے اور بندرگاہوں کا محاصرہ کرنے کے سبب یمن کے عوام تک انسان دوستانہ امداد نہیں پہنچ سکی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲